25 نومبر 2025 - 16:14
حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا نے مسکین، یتیم اور اسیر کی خدمت میں ہمیشہ اللہ کی رضا کو مقدم رکھا،علامہ مقصود ڈومکی

میہڑ ضلع دادو میں شبِ شہادت سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے منعقدہ سالانہ مجلسِ عزا میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدۂ کائناتؑ کی پوری زندگی رضاِ الٰہی کے لیے خالصانہ خدمت، ایثار اور انسان دوستی کا عملی نمونہ ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شبِ شہادت حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے سلسلے میں حیدری امام بارگاہ میہڑ میں سالانہ مجلسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔ مجلس سے علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدۂ کائناتؑ نے اپنی حیاتِ مبارکہ میں مسکین، یتیم اور اسیر کی خدمت میں ہمیشہ اللہ کی رضا کو مقدم رکھا، اور قرآنِ کریم نے اسی خالصانہ عمل کی سورۃ الدہر میں مدح کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا نے خواتینِ امت کو عفت، حجاب اور پاکیزگی کا عملی درس دیا۔ آج مغربی ثقافتی یلغار مسلم خواتین کی شناخت اور حجاب کو نشانہ بنا رہی ہے، اس لیے امت مسلمہ کو سیرتِ زہراؑ سے مضبوطی کے ساتھ وابستہ رہنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر علامہ ڈومکی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں فرنٹ لائن پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ہر تحصیل میں فعال یونٹس کا قیام ناگزیر ہے۔

آخر میں انہوں نے مقامی مؤمنین اور خدام کی شبِ شہادت کے انتظامات پر خدمات کو سراہا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha